ممبئی، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )موبائل ایپ پر دہشت گرد ہونے کی افواہ کے بعد 30سالہ شخص کو یہاں پر ایک تھانے کے باہر ’’میں دہشت گرد نہیں ہوں‘‘ کی تختی لے کر بیٹھنے پر مجبور ہونا پڑا۔ورار تھانے کے ایک اہلکار نے آج بتایا کہ سعید علی خان نے وہاٹس ایپ پر مبینہ پیغامات اور ڈالی گئی تصویر کے بارے میں کل ایک شکایت درج کرائی جس میں اسے ایک دہشت گرد کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔خان نے دعوی کیا کہ پولیس نے شروع میں شکایت درج کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد وہ اپنے خاندان کے ارکان کے ساتھ تھانے کے سامنے ہڑتال پر بیٹھ گئے۔مظاہرے کے دوران خان اور ان کے خاندان کے ارکان نے تختیاں لے رکھی تھی جس پر پیغام لکھا تھا ’’میرا نام سعید شیر علی خان ہے،میں دہشت گرد نہیں ہوں‘‘۔خان نے اپنی شکایت کے ساتھ تصویر اور پیغام بھی لگایا ہے اور کہا ہے کہ اپنے مکان مالک کی طرف سے مانگی گئی اضافی رقم ادا کرنے سے انکار کرنے پر مسئلہ شروع ہوا۔ورار میں گوپ چندپاڑا کے رہائشی خان نے الزام لگایا کہ جہاں پر وہ رہتا ہے وہاں کے مالک مکان نے اس سے 2000روپے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ جب میں نے انکار کر دیا تو انہوں نے دھمکی دی اور میرے ٹیمپو میں بھی آگ لگا دی۔خان نے الزام لگایا کہ اس کے بعد مالک مکان نے ’’میں ایک دہشت گرد ہوں‘‘کے پیغام کے ساتھ میری تصویر وہاٹس ایپ پر ڈال دی،اگر کوئی مجھے ڈھونڈ لیتا ہے تو وہ مجھے پکڑ لے گا اور پولیس کو سونپ دے گا۔اس نے کہا کہ اب، جب میں باہر نکلتا ہوں تو مجھے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ لوگ مجھے شک سے دیکھتے ہیں۔